راجکوٹ۔ کپتان وراٹ کوہلی کی اہم وکٹ سمیت ہندستانی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے
خلاف پہلے کرکٹ ٹیسٹ کے چوتھے دن سنیچر کو لنچ تک کل چھ وکٹ گنوا کر 411
رن کا اسکور بنایا۔ ہندستان نے اپنی پہلی اننگز کا آغاز کل كے 319 رنز پر
چار وکٹ سے کیا تھا۔ مرلی وجے اور چتیشور پجارا کی زبردست سنچریوں کے بعد
میزبان ٹیم کی حالت تسلی بخش تھی اور ٹیم کے اہم اسکورر وراٹ 26 رن بنا کر
کریز پر تھے۔ لیکن چوتھے دن ہندستان کا آغاز کچھ خاص نہیں رہا اور اس نے
لنچ سے پہلے اپنے دو
اہم بلے بازوں وراٹ اور اجنکیا رہانے کے وکٹ 361 کے
اسکور پر گنوا دیے۔
وراٹ اپنے کل کے اسکور میں محض 14 رن کا ہی اضافہ کرسکے اور 95 گیندوں میں
پانچ چوکے لگا کر 40 رن ہی بنا سکے۔ کپتان وراٹ عادل رشید کی گیند پر ہٹ
وکٹ ہوکر چھٹے بلے باز کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ ان سے پہلے مڈل آرڈر کے اہم بلے
باز رہانے نے بھی مایوس کیا اور 30 گیندوں میں ایک چوکا لگا کر 13 رن ہی
بنا ئے ۔ رہانے کو ظفر انصاری نے بولڈ کیا۔ لنچ تک روی چندرن اشون 29 اور
ردھمان ساہا 29 رن پر ناٹ آؤٹ ہیں۔